• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عورت کو شوہر کی نوکرانی نہیں بننا چاہیے: متھیرا

معروف میزبان، اداکارہ و ماڈل متھیرا نے کہا ہے کہ عورت کو شوہر کے کام نہیں کرنے چاہیے کیونکہ وہ اُس کی نوکرانی نہیں ہوتی۔

حال ہی میں متھیرا نے ایک نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے اپنے کیرئیر اور ازدواجی زندگی سمیت دیگر موضوعات پر گفتگو کی۔

متھیرا نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’اگر کوئی رشتہ بدسلوکی پر مبنی ہے تو وہ رشتہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکے گا اور کبھی نہ کبھی ٹوٹ ہی جائے گا کیونکہ رشتہ بچانے کی کوشش صرف ایک طرف سے کی جارہی ہوتی ہے۔‘

اُنہوں نے گھریلو تشدد کے حوالے سے کہا کہ ’اگر کوئی آدمی آپ کو ایک بار مارے گا تو وہ آپ کو دوبارہ بھی مارے گا، وہ کبھی آپ کو مارنے سے نہیں رُکے گا کیونکہ یہ اُس کی عادت بن جائے گی اور ایسا مرد کبھی بھی ٹھیک نہیں ہوسکتا۔‘

متھیرا نے اپنی ناکام شادی پر کُھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں نے شادی کی تو میں اتنی دلیر تھی کہ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں گھریلو کاموں میں ایک عام گھریلو بیوی سے دس گنا زیادہ حصہ دوں گی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا کیونکہ میں نوکرانی نہیں تھی، شوہر اپنا کام خود بھی کرسکتا ہے، بیوی اُس کی نوکرانی نہیں ہوتی ہے۔‘

متھیرا نے مزید کہا کہ ’خواتین اتنے سالوں تک بدسلوکی کے رشتوں میں رہتی ہیں، یہ سوچ کر کہ ان کا شوہر کسی دن بدل جائے گا لیکن شوہر کا بدلنا ناممکن ہوتا ہے۔‘

واضح رہے کہ متھیرا نے سال 2012 میں پنجابی گلوکار فاران جے مرزا سے شادی کی تھی، سال 2014 میں اُن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جبکہ سال 2018 میں جوڑے نے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔

تازہ ترین