آہ مطلوب انقلابی! کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی

December 06, 2021

تحریر:علامہ قاری محمد عباس۔۔۔ ہڈرسفیلڈ
ریاست آزاد جموں و کشمیر میں جنم لینے والا سپوت، فخر کشمیر، اپنے ملک و قوم کا دکھ درد رکھنے والا نظریاتی جیالا چوہدری محمد مطلوب انقلابی مرحوم، ریاست آزاد جموں و کشمیر مثل بہشت بریں اور پر سکوں روحوں اور دلوں کو لبھانےوالی دھرتی میں پیدا ہونے والا پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک با صلاحیت نوجوان ، دانشور ، مفکر و مدبر ، علم و عرفان سے ملمع و مرصع ، حکمت و دانائی سے مزین و آراستہ ، آئین و قانون کے زیور سے منور و تنویر اور تعلیم یافتہ ہردلعزیز شخص تھا۔اللہ تعالیٰ نے انہیں بے پناہ انمول و نایاب صلاحیتوں سے نواز رکھا تھا ، خلوص نیت ، امانت و دیانت داری کا پیکر انسان جو پاکستان پیپلز پارٹی کا نظریاتی جیالا ہونے کے ساتھ ساتھ بھٹوشہید کا دیوانہ اور بے نظیر بھٹو کا پروانہ بھی تھا،اس محب وطن کی پوری زندگی پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ وفاداریوں بے پناہ محبتوں اور ان گنت قربانیوں سے عبارت ہے۔ مرد مجاہد نے فوجی ڈکٹیٹرکے مشکل ترین ادوار میں، پیپلز پارٹی پر برے وقت میں بھی آزمائشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، اس حقیقی اور نظریاتی جیالے نے اپنی ساری عمر ملک و قوم کی خدمت اور پاکستان پیپلز پارٹی کیلئے وقف کر رکھی تھی ،زندگی کا منبع و مقصد صرف اور صرف شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن ،نظریہ ،فلسفہ و افکار اور پالیسیوں کو اپنانا اور ان کو آگے لے کر چلنا ان کو پایۂ تکمیل تک پہنچانا تھا ، یہاں ان کی جد و جہد اور خدمات کا ذکر کرنا نہایت ضروری سمجھتا ہوں، ویسے بھی پاکستان پیپلز پارٹی کو یہ اعزازحاصل رہا ہےاور طرۂ امتیاز بھی ہے کہ جب بھی اللہ تعالی نے عوامی ووٹوں سے ملکی اقتدار اور حق حکمرانی سے نوازا اور عوام کی خدمت کی ذمہ داری سونپی، خواہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہو یا پھر ریاست آزاد جموں و کشمیر میں ہو، پاکستان پیپلز پارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے مشن اور بے نظیر بھٹو کی پالیسیوں کی پیروی کرتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچانے اورملک و قوم کی خدمت کیلئے انتھک محنتیں اورکوششیں کیں اور عوام کی خدمت سرانجام دینے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کیں، عوام کی خدمت کو اپنے لیے باعث اعزاز اور عبادت سمجھ کر کیا، پارٹی کا ہر ہر کارکن اور جیالا اپنی طاقت اور بساط سے بڑھ کر عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین اور اپنے لیئے باعث فخر سمجھتا ہے۔ ان جیالوں میں سے ایک قابل ذکر جیالا چوہدری محمد مطلوب انقلابی مرحوم جس کو اللہ تعالی نے آزاد کشمیر کی عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا تھا، اس گلشن کائنات کے باغ و بہار اور رنگ وبو میں ہزاروں شخصیات ایسی گزری ہیں جن کی تب وتاب جاودانہ تاریخ کی نذر نہیں ہوئی بلکہ ان کی نورانی کرنوں سے تاریخ منور ہوتی چلی گئی، ان کی جلائی ہوئی شمعیں اپنی ضُوفشانیوں اور تابانیوں سے زندہ قوموں کیلئے مشعل راہ بن کر راستہ دکھاتی ہوئی نظر آتی ہیں، وہ جاوداں زندگی کی منازل کو طے کر نے کے باوجود اور آسودۂ خاک ہو کر بھی دلوں میں مخلوق خدا کی خدمت کے ایسے بیج بو جاتے ہیں جو ان کے ارتقا و ارتحال کے بعد بتدریج ایک مضبوط تناور درخت بن جاتے ہیں، بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل اور اس کو دوام زندگی بخشنے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے اس کارواں کے ایک زبردست نظریاتی کارکن اور جیالے چوہدری محمد مطلوب انقلابی مرحوم بھی ہیں، جنہیں آج ہم سے جدا ہوئے ایک برس بیت چکاہے ۔ چوہدری محمد مطلوب انقلابی مرحوم ایک ہمہ گیرشخصیت کے مالک تھے اور پاکستان پیپلز پارٹی کا گوہر نایاب قیمتی سرمایہ اور آزاد کشمیر کی عوام کے دلوں کی دھڑکن اور متاع عزیز تھے، رب کریم نے انہیں بے پناہ صفات و صلاحیتوں سے نواز رکھا تھا ، چوہدری محمد مطلوب انقلابی مرحوم کا شمار ان عظیم محسنوں میں ہوتا ہے جو مرنے کے بعد بھی زندہ رہتے ہیں اور جن کے قدموں کے نشان آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ کا کام دیتے ہیں،دوسروں کی عزت نفس اور انسانیت کے احساسات کی پاسداری کو خوش اسلوبی سے نبھایا ہوتا ہے، حقیقت یہ ہے کہ جب ہم افراد اور اشخاص کی زندگیوں کا مطالعہ کرتے ہیں تو اس حقیقت کے اعتراف کے بغیر چارہ نہیں کہ انقلابی مرحوم جیسی بے باک بہادر و نڈر اور جفاکش نابغہ روز گار شخصیتیں روز روز پیدا نہیں ہوتیں ۔ خدا داد صلاحیتوں کا مالک انسان اپنے اندر بے پناہ ودیعت شدہ پوشیدہ و پنہاں خوبیوں کو سمیٹے ہوئے اچانک دیکھتے ہی دیکھتے بحکم ایزدی فرشتۂ اجل کو لبیک اور اپنے چاہنے والوں کو خدا حافظ کہتے ہوئے دُنیا کی نگاہوں سے اوجھل ہو گیا ۔