تاجروں اور دکانداروں کو اسلحہ کی نوک پر لوٹا جارہاہے،عبدالنصیر

December 06, 2021

پشاور(وقائع نگار)مرکزی تنظیم تحفظ تاجران نے پشاورشہرمیں اسلحہ کی نوک پر بزنس کمیونٹی اور دکانداروں کے لٹنے کے واقعات پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے احتجاج کی دھمکی دی ہے تاہم صوبائی حکومت اورآئی جی پی خیبرپختونخواسے مطالبہ کیاہے کہ تاجربرادری کے جان ومال کے تحفظ کویقینی بناکرکاروبارجاری رکھنے کےلئے پرامن اورسازگارماحول میسرکیاجائے۔تنظیم کے صدرحاجی عبدالنصیر نے ایک بیان میں کہاہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاورمیں آئے روز تاجروں اور دکانداروں کو اسلحہ کی نوک پر لوٹا جارہاہے جسکے باعث کمیونٹی میں شدیدمایوسی اورغم وغصہ پایاجاتاہے ،پولیس کی قربانیوں کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں تاہم موجودہ حالات کاروباری طبقہ کےلئے ماحول سازگارنہیں ہیں اسلئے پولیس اپنی توانائیاں بروئے کارلاکراس قسم کے واقعات کی روک تھام یقینی بنائے بصورت دیگراحتجاج پرمجبورہونگے۔