ترک صدر آج قطر کا دورہ کریں گے، متعدد معاہدوں پر دستخط کا امکان

December 06, 2021

ترک صدر رجب طیب اردوان آج قطر کا دورہ کریں گے، ترک صدر کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان متعدد معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی دو دن بعد قطر پہنچیں گے، ترک صدر اردوان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان قطر میں براہ راست ملاقات ہونے کا امکان ہے۔

ترک صدر کے دورے سے قبل دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے دوحا میں نیوز کانفرنس کی جس میں قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر ترکی کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کرنے اور وہاں بھاری سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے اور ایسے مواقع کا منتظر ہے جو بات چیت سے سامنے آسکتے ہیں۔

ترک وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ ترکی کا دوحا سے مالی مدد طلب کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی بدھ کو دوحا کا دورہ کرنے والے ہیں۔ قطر کے حکام کے مطابق ترک صدر اور سعودی ولی عہد کے قطر کے دورہ کا ایک جیسا وقت اتفاق ہے۔

ایک خلیجی اہلکار نے بتایا ہے کہ اردوان اور سعودی ولی عہد کے درمیان قطر میں ملاقات کیلئے بات چیت کی گئی ہے۔ تاہم اس ملاقات کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی براہ راست ملاقات ہوگی۔