بوہڑ بازار میں کارپوریشن کی کروڑوں کی جائیداد پر پھر قبضے کی کوششیں

December 08, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) بوہڑ بازار میں میونسپل کارپوریشن کی کروڑوں روپے کی جائیداد پر ایک بار پھر قبضے کیلئے کوششیں شروع ہو چکی ہیں اور سیاسی اثر ورسوخ استعمال کیا جارہا ہے۔ شہر کے دل میں واقع ایک کنال سے زائد کے اس پلاٹ پر گزشتہ دو دہائیوں سے مختلف لوگ فرضی کاغذات بنا کر قبضے کی کوششیں کرتے چلے آرہے ہیں جنہیں جہاں ایک طرف سیاسی سرپرستی حاصل رہی تو دوسری طرف کارپوریشن میں بیٹھی بعض کالی بھیڑیں بھی پس پردہ ان کی آلہ کار بنی رہیں لیکن ہر بار معاملہ میڈیا میں آنے یا عدالت کے نوٹس لینے کی وجہ سے رکا رہا۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر کے مہنگے ترین تجارتی علاقے بوہڑ بازار جہاں زمین کی قیمت لاکھوں روپے گز ہے وہاں میونسپل کارپوریشن کے ایک کنال سے زائد بظاہر لاوارث پلاٹ سے متصل محکمہ اوقاف کی ایک آدھ مرلہ جگہ بھی ہے اور دونوں جائیدادوں کا نمبر ایک ہی ہے محکمہ اوقاف سے ایک آدھ مرحلہ زمین لیز پر حاصل کرنے والی شخصیت نے سابقہ دور حکومت میں بھی سیاسی قیادت کے تعاون اور کارپوریشن کے عملے کی ملی بھگت سے کارپوریشن کے اس پلاٹ پر تعمیرات کر کے تقریباً قبضہ کرلیا تھا لیکن بات میڈیا میں آجانے کی وجہ سے بنائی گئی دکانیں راتوں رات گرا دی گئیں تاہم اب بظاہر اوقاف کی اس زمین پر تعمیرات کیلئے نقشہ کی منظوری کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے لیکن حقیقت میں اصل ہدف کارپوریشن کا وہی پلاٹ ہے۔