ملک سلطان ناصر ظالم کیخلاف اور مظلوم کے ہمدرد تھے‘ پشتونخوامیپ

December 08, 2021

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے بزرگ رہنما ملک حاجی سلطان محمد ناصر کو ان کے آبائی گاؤں میں سپرد خا ک کردیا گیا۔ نماز جنازہ کے اجتماع سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، سردار عزیز اللہ کبزئی، عبدالقادر ناصر اور مولوی عبدالمنان نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم ملک حاجی سلطان محمد ناصر کو ان کی قومی وطنی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے ساری زندگی مظلوم اقوام وعوام کیلئے وقف کر رکھی تھی انہوں نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے دیرینہ ساتھی کی حیثیت سے پوری زندگی قومی سیاسی جمہوری جدوجہد میں گزاری اور وہ سائیں کمال خان شیرانی ، عبدالرحیم مندوخیل کے ساتھ پشتون قومی تحریک کی جاری جدوجہد میں شریک رہے ۔ انہوں نے قبائلی تنازعات کے خاتمے میں نہایت ہی کلیدی کردار ادا کیا اور مارشل لاءادوار کے دوران انتہائی سخت اور کٹھن حالات میں بھی پارٹی کے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے ہمیشہ سچ ، انصاف اور حق کی بات کرتے ہوئے ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ایک سچے ہمدرد کی حیثیت سے پشتونخوامیپ کے پلیٹ فارم سے تاریخی سیاسی جمہوری جدوجہد کی۔ آج مرحوم ملک حاجی سلطان محمد ناصر کی جنازہ میں مختلف صوبوں واضلاع سے ہر مکتبہ فکرکے عوام کی ہزاروں کی تعداد میں بلاتفریق شرکت کا مقصد مرحوم کو ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کی اصولی زندگی پر مہر تصدیق ہے ۔ مزید برآں تجہیز وتدفین کے مراسم میں پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا ، مرکزی سیکرٹری عبید اللہ جان بابت، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد ن اچکزئی ،عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، فقیر خوشحال کاسی ، ضلع ژوب ، شیرانی ، قلعہ سیف اللہ ، لورالائی ، کوئٹہ ، پشین ودیگر اضلاع کے ضلعی رہنماؤں وکارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کیں۔ مرحوم کی فاتحہ خوانی حاجی لاوٹ ناصر مسجد ناصر آباد محلہ ژوب میں ہورہی ہے۔