ایسی کہانیوں کا حصہ بننا چاہتا ہوں جو یاد رہیں، احد رضا میر

December 12, 2021

معروف پاکستانی اداکار احد رضا میر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پراجیکٹس کا انتخاب کرنے کے لیے اپنے طریقے کار کے بارے میں بات کی ہے۔

احد رضا میر نے برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ’آپ کو اپنے آپ کو ایک فنکار کے طور پر بیان کرنا ہوتا ہے، لہٰذا یہ آپ کے لیے مناسب نہیں ہے کہ آپ ہر وہ کام کرنے پر راضی ہوجائیں جس کی آپ کو پیشکش کی جائے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’آپ کو ایسی کہانیاں دکھانےکی ضرورت ہے جو آپ کو متاثر کریں اور اپنے آپ کو چیلنج کرنےکا موقع دیں‘۔

انہوں مٹاثر کن کہانیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ’انہیں لگتا ہے کہ ایسا کچھ بھی ہوسکتا ہے جو انہیں متاثر کرے، عام طور پر وہ کسی کہانی کے بارے میں پہلی ہی ملاقات میں تفصیل سے بتا سکتے ہیں کہ آیا یہ ان کے لیے ہے یا نہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ ایسی چیزوں کی تلاش کر رہے ہیں جو وہ دیکھنا چاہتے ہیں اور کسی اور چیز کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتے‘۔

احد رضا میر نے کہا کہ’ ان کا اندازہ ہے کہ کبھی کبھی وہ اس طرح بھی سوچتے ہیں کہ اگر ان کے بجائےکسی اور نے یہ کردار ادا کیا تو کیا وہ اس ورژن کو دیکھنا چاہیں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ’ وہ ایسی کہانیاں بھی ڈھونڈتےہیں جن میں کوئی پیغام ہو اور لوگ یاد رکھیں، ان کے خیال میں جو یاد رہے وہی بطور فنکار ہمارے لیے میراث ہے‘ ۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’اس لیے وہ صرف اسی کہانی کا حصہ بننا چاہتے ہیں جو یاد ر ہے‘۔