انجیر کھانے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟

December 14, 2021

خشک میوہ جات میں مفید ترین پھل انجیر جنت کا پھل بھی کہلاتا ہے، انجیر کمزور اور دبلے لوگوں کے لیے وزن بڑھانے اور وزن میں کمی لانے کے خواہش مند افراد کے لیے بھی یکساں موزوں ہے جبکہ اس کے استعمال کے صحیح استعمال کے نتیجے میں مجموعی صحت پر بے بہا فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

ماہرین غذائیت کے مطابق انجیر کے 100 گرام میں 239 کیلوریز ، 3.1 گرام پروٹین ، 53 گرام کاربوہائیڈریٹس ، 53 گرام شوگر ،1.2 گرام فیٹ، 12 گرام فائبر پایا جاتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق انجیر جسم سے خون کی کمی دور کر کے اسے پر کشش اور چہرے کو سفید و سرخ رنگت دیتی ہے، انجیر میں پروٹین، معدنی اجزاء، شوگر، کیلشیم، فاسفورس، وٹامن اے، کے اور سی کی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے جبکہ وٹامن بی اور ڈی قلیل مقدار میں پایا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق انسانی مجموعی صحت براہ راست معدے اور آنتوں سے جڑی ہوتی ہے، انجیر پیٹ کی بیماریوں خصوصاً قبض کے لیے نہایت مفید ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق انجیر صحیح طریقے سے کھانا بہت اہمیت رکھتا ہے، اس میںفائبر کی بھی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے اس کے باوجود بھی خشک انجیر یا تازہ پھل انجیر کے ایک دن میںکم از کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 5 دانے کھانے چاہئیں۔

ماہرین کے مطابق وزن میںکمی کے خواہشمند افراد کو دن میں زیادہ سے زیادہ 3 دانے انجیر کے ناشتے اور دوپہر کے کھانے کے درمیان کھالینے چاہئیں، اس طرح انجیر کھانے کے نتیجے میں وزن میںکمی وا قع ہوتی ہے جبکہ انجیر کو دودھ کے ساتھ شیک یا پھر دودھ میں ابال کر کھانے سے وزن میں واضح اضافہ ہوتا ہے اور خون کی کمی اور چہرے کی پیلاہٹ دور ہوتی ہے۔

انجیر کے استعمال کے صحت پر حاصل ہونے والے دیگر فوائد:

بخار کی حالت میں مریض کا منہ بار بار خشک ہوجاتا ہو تو انجیر کا گودا منہ میں رکھنے سے منہ سوکھتا نہیں۔

انجیر گردے اور مثانے میںموجود پتھری تحلیل کر دیتی ہے۔

انجیر کو پانی میں بھگو کر رات بھر کے لیے رکھ دیں اور صبح نہار منہ کھائیں، اس عمل سے دائمی قبض دور ہو جائے گی ۔

سردیوں میں بچوں کو خشک انجیر کھلانا اُن کی نشوونما کے لیے بے حد مفید ہے۔

کھانسی، دمہ اور بلغم کے لیے انجیر انتہائی مفید ہے۔

انجیر کا باقاعدہ استعمال سر کے بالوں کوبھی دراز کرتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اسے شوگر کے مریض بھی اپنی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔