سٹریس پھلوں میں شمار کیا جانے والا پھل چکوترا ’گریپ فروٹ‘ افادیت کے لحاظ سے غیر معمولی اہمیت کا حامل، اس کے استعمال سے صحت پر بہت سارے طبی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں جبکہ اس کے باقاعدگی، زیادہ اور غلط استعمال کے نتیجے میں مضر اثرات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق چکوترا وٹامن سی کی بھرپور مقدار ہونے کے سبب سردیوں میں وائرل، انفیکشنز، موسمی بیماریوں سے دور رکھتا ہے اور قوت مدافعت کو مضبوط بناتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایک درمیانے سائز کے چکوترے میں کم از کم 100 کیلوریز پائی جاتی ہیں، اس میں فائبر کی مقدار 10 سے 12 گرام، پروٹین1گرام، وٹامن سی64فیصد، وٹامن اے 28فیصد، پوٹاشیم 5فیصد، تھائی مائن یعنی وٹامن بی 1 کی مقدار 4فیصد، میگنیشم 3فیصد اور فولک ایسڈ 4فیصد پایا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق تحقیق میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ چکوترے کے روزانہ استعمال سے جسم سے اضافی کولیسٹرول کی مقدار 15فیصد تک کم ہو جاتی ہے اور بھوک میں بھی کمی واقع ہوتی ہے مگر اس کے زیادہ استعمال یا جوس پینے کے نتیجے میں صحت پر فوائد کے بجائے نقصان زیادہ آ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق چکوترا معدے میں تیزابیت کو پیدا ہونے سے روکتا ہے، نظام ہاضمہ کو مضبوط بناتا ہے، چکوتر ے میں پائے جانے والا جز bioflavonoids چھاتی کے کینسر اور جلد کے مہلک ترین کینسر ’میلانوما‘ کے خطرے کو 36 فیصد تک کم کرتا ہے، اس کا استعمال کینسر سے متاثر خلیوں کو پورے جسم میں پھیلنے سے روکتا ہےاور اس کے خلاف غیر معمولی مدافعت بھی پیدا کرتا ہے۔
شوگر کے مریض یا پھر صحت مند افراد بھی ایک وقت میں اس پھل کو آدھا استعمال کر سکتے ہیں، چکوترے کے استعمال کے نتیجے میں پیٹ کے کیڑوں کا خاتمہ بھی ممکن ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پھل فوائد سے بھرپور ہے مگر اس کا غلط استعمال نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ غذائیت سے بھر پور اس پھل میں بہت کم کیلوریز پائی جاتی ہیں مگر اس کا مطلب یہ ہرگز یہ نہیں ہے کہ وزن میں کمی کے لیے اس کا دن میں ایک سے زائد پھل کا استعمال شروع کر دیا جائے، اس سے حاصل کیا گیا جوس بھی وزن کم کرنے کے بجائے مزید بڑھا سکتا ہے ۔
ماہرین کے مطابق چکوترا کھانے سے فائبر کی مناسب مقدار ملتی ہے جبکہ اس کا جوس پینے کے نتیجے میں جسم میں صرف کیلوریز ہی جاتی ہیں اور فابئر نہ ہونے کے سبب تیزابیت اور وٹامن سی کی زیادتی کے نتیجے میں ’برین فوگ‘ کا خطرہ بھی لاحق ہو سکتا ہے۔
چکوترے کا صحیح استعمال کیسے کیا جائے ؟
غذائی ماہرین کے مطابق چکوترا بھوک کنٹرول کرتا ہے مگر اس صورت میں اسے گودے سمیت کھانا ضروری ہے، وزن میں کمی کے لیے اس کا کھانے سے قبل آدھی مقدار میں کھانا مفید ثابت ہوتا ہے جبکہ چکوترے کو مکمل ایک وقت میں کھانے سے فوائد کے بجائے نقصانات زیادہ سامنے آ سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق موٹاپے کے شکار افراد جو کھانے سے قبل آدھا چکوترا کھاتے ہیں وہ اس پھل کو نہ استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں زیادہ جسمانی وزن کم کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں، اس کے استعمال کے نتیجے میں 12 ہفتوں میں 6 کلو تک وزن کم کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پھل خود جسمانی وزن میں کمی نہیں لاتا مگر غذا کے طور پر اس کا ایک وقت میں آدھا استعمال کرنا سود مند ثابت ہوتا ہے ۔
چکوترے کے استعمال سے قبل معالج سے مشورہ:
اگر کوئی فرد ڈپریشن، ہائپرٹینشن کا مریض ہو اور روزانہ کی بنیاد پر دوائی لے رہا ہو تو ایسے افراد کو گریپ فروٹ کے استعمال سے قبل اپنے معالج سے مشورہ کرنا چاہیے، چکوترے کا استعمال ادویات کے اثرات کو بدل سکتا ہے۔
اس میں موجود سیٹرک ایسڈ دانتوں کی صحت خراب کر سکتا ہے لہٰذا اسے کھانے کے فوراً بعد کُلی کرنا نہ بھولیں۔
حساس معدے اور کمزور گردوں والے افراد کے لیے یہ پھل تکلیف کا باعث بن سکتا ہے۔