نیو کراچی: صبا کا قاتل پڑوسی پکڑا نہ گیا

December 15, 2021

گزشتہ روز قتل کی گئی صبا کی لاش اسپتال میں رکھی ہے

گزشتہ روز کراچی کے علاقے نیو کراچی میں چھریوں کے وار سے بے رحمی سے قتل کی گئی مقتولہ صبا ایک کیس کی پیروی کے سلسلے میں سٹی کورٹ جا رہی تھی، اس کے قتل کا ملزم محلے دار غضنفر تاحال مفرور ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز راستے میں شقی القلب محلے دار غضنفر نے چھری کے وار سے صبا کو قتل کر دیا تھا۔

پولیس حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ملزم نے مقتولہ کو چند روز قبل ہونے والے معمولی جھگڑے کی وجہ سے قتل کیا ہے۔

پولیس نے ملزم کے 2 بھائیوں احسن اور دانش کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

نیو کراچی میں لڑکی صبا کے قتل کا مقدمہ نامزد ملزم غضنفر کے خلاف تھانہ بلال کالونی میں سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل کی گئی ہے اور نامزد مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 20 سالہ صبا دختر اسلم کو نیو کراچی میں اس کے گھر کے قریب دفتر جاتے ہوئے چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔