مئیر بنوں کی نشست، الیکشن کمیشن نے آر او سے تحریری رپورٹ طلب کرلی

December 28, 2021

بنوں کی مئیر کی نشست پر دوبارہ گنتی کا ریٹرننگ افسر کے حکم کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے ریٹرنگ افسر سے تحریری رپورٹ طلب کر لی۔

بنوں کی مئیر کی نشست پر دوبارہ گنتی کا ریٹرننگ افسر کے حکم کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

ریٹرنگ افیسر نے کہا کہ علاقے میں کافی پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی صورت حال تھی ، الیکشن ڈے پر دھاندلی کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شئیر ہو رہی تھی، مجھے لگا کہ شفاف انتخابات کے لیے دوبارہ گنتی کرانا ضروری تھا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا آپ نے حالات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو اطلاع دی؟ آر او نے کہا کہ سارا دن دھاندلی کی ویڈیوز ملیں لیکن شواہد نہیں تھے ، دھاندلی کے شواہد تب آئے جب پولنگ کا وقت ختم ہو گیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آر او صاحب دوبارہ گنتی کروانے کا طریقہ کیا آپ نے پڑھ رکھا ہے؟ جو باتیں آپ بتا رہے ہیں اس پر دوبارہ گنتی کا کیس بنتا ہے یا دوبارہ پولنگ کا؟ آر او صاحب آپ کی باتیں پریشان کن ہیں، یہ تو آپ کے خلاف چارج شیٹ ہے، سارا دن یہ ہوتا رہا اور آپ نے پولنگ جاری رکھی۔

درخواست گزار عرفان اللّٰہ درانی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست ڈی آر او کو دی گئی تھی اور آر او نے دوبارہ گنتی کے احکامات دے دیے، الیکشن میں 11 ہزار 609 ووٹ مسترد ہوئے، جیتنے اور ہارنے والے کو ووٹوں میں 12 ہزار ووٹوں کا فرق ہے، اگر مسترد تمام ووٹوں کو اقبال جدون کو دے بھی دیا جائے، تب بھی وہ عرفان اللّٰہ سے 900 ووٹوں سے ہار رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریٹرنگ افیسر کو ہدایت کی کہ مجھے تحریری رپورٹ دیں کہ سارا دن بنوں میں الیکشن ڈے پر کیا ہوتا رہا۔

دوبارہ گنتی کی درخواست دینے والے اقبال جدون کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ پولنگ ایجنٹس کو زبانی نتائج بتائے گیے، بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی، میں کہتا ہوں کہ آپ دوبارہ گنتی کرائیں، دوبارہ الیکشن کا ابھی نہیں کہتا، ابھی میرے پاس دوبارہ پولنگ کے لیے جانے کا مواد نہیں ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایسی صورت میں آر او کو دوبارہ گنتی کرانے کی وجوہات دینا ہوں گی، ممبر الیکشن کمشن نے کہا کہ دوبارہ گنتی کی وجوہات تو آر او نے نہیں دی۔

وکیل اقبال جدون نے کہا کہ ایسی وجوہات تھیں جس کے بعد آر او نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا، ایک پریزایڈنگ افسر شعیب عزیز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جب ہم رزلٹ لیکر جا رہے تھے تو لوگوں نے ہم پر حملہ کرکے ہم سے زبردستی نتائج تبدیل کرائے گئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا آپ نے دن کو کمیشن یا ڈی آر او کو درخواست دی کہ یہ ہو رہا ہے، نہ ہمیں کوئی اطلاع ملی، نہ کوئی میڈیا سے اطلاع ملی، ورنہ ہم دن کو ہی اس نشت پر الیکشن ختم کر دیتے، یہ بہت الارمنگ ہے، ہم پریشان ہیں کہ اس حوالے سے الیکشن کے دن پر کیوں نہیں بنایا گیا۔

وکیل اقبال جدون نے کہا کہ ایک ہی پریزایڈنگ افسر نے شکایت درج کرنے کی ہمت کی، کم وقت تھا شواہد اکھٹے کرنے کا جبکہ دوبارہ پولنگ بڑا عمل ہے، دوبارہ گنتی میں اگر کوئی چیز ثابت نہ ہو تو پھر کوئی ضرورت نہیں دوبارہ الیکشن کی۔

وکیل عرفان درانی نے کہا کہ اگر ہم اپنے پاس موجود ویڈیو دے دیں تو انکی پوری حکومت مشکل میں پڑ جائے گی۔

کیس پر دلائل مکمل ہو گئے، الیکشن کمیشن نے آر او سے تحریری رپورٹ مانگ لی۔

خیال رہے گزشتہ سماعت پر الیکشن کمشن نے مئیر بنوں کی نشست پر دوبارہ گنتی کا آر او کا حکم روک دیا تھا ۔