امریکا: کرسمس شاپنگ کے دوران ہلاک ہونیوالی لڑکی کے والدین کا احتجاج

December 29, 2021


امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں کرسمس کی شاپنگ کے دوران ہلاک ہونے والی 14 سالہ لڑکی کے والدین نے لاس اینجلس پولیس ہیڈ کوارٹر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے انصاف کیے جانے کا مطالبہ کر دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق 23 دسمبر کو کرسمس کی شاپنگ کے دوران اسٹور میں پولیس کی جانب سے فائرنگ سے لڑکی کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا۔

امریکی میڈیا نے بتایا ہے کہ لڑکی اپنی والدہ کے ہمراہ دکان کے چینجنگ روم میں تقریب کے لیے کپڑے دیکھ رہی تھی کہ اس دوران پولیس کی جانب سے کی گئی فائرنگ سے ہلاک ہو گئی۔

دوسری جانب واقعے کے حوالے سے لاس اینجلس پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسٹور میں مشتبہ شخص کی فائرنگ کی اطلاعات پر کارروائی کی گئی تھی۔

لاس اینجلس پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ کارروائی میں مشتبہ شخص کو ہلاک کیا گیا، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

لاس اینجلس پولیس چیف نے لڑکی کی ہلاکت کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔