بھکارن سے مبینہ اجتماعی زیادتی ، وزیر اعلیٰ کا نوٹس

December 29, 2021

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں بھکاری خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔

گوجرانوالہ میں بھیک مانگنے والی خاتون سے 3 ملزمان نے مبینہ زیادتی کی جس کے بعد متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک فرار ہوگیا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی اور تیسرے ملزم کی بھی جلد گرفتاری کی ہدایت جاری کردی۔

پولیس کاکہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل کرا لیا ہے، رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی ہے۔

دوسری جانب متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیئے اپنے بیان میںکہا ہے کہ زیادتی واقعہ میں ملوث ایک ملزم گول گپے فروخت کرتا ہے، ملزم نے زکوۃ دینے کے بہانے بلایا اور دیگر ساتھیوں کیساتھ زیادتی کی۔

متاثرہ خاتون کا اپنے بیان میںمزید کہنا ہے کہ ملزمان کے ڈر سے خاموش رہی، ورثا صلح کیلئے مجبور کرتے رہے۔

واضح رہے کہ گوجرانوالہ میں واقعہ 17 دسمبر کو پیش آیا تھا، جبکہ متاثرہ خاتون نے گزشتہ روز شکایت درج کرائی۔