سوشل میڈیا کے منفی اثرات، جنسی استحصال تھر میں خود کشی کی وجہ بن گئے

December 31, 2021


سوشل میڈیا کے منفی اثرات، جنسی استحصال اور ذہنی دباؤ تھرپارکر میں خود کشی کے بڑھتے رجحان کی وجہ بن گئے، تھرپارکر میں سال 2021 کے دوران مبینہ طور پر خودکشی کے 121 واقعات رونما ہوئے۔

ماہر نفسیات، وکلا، سماجی رہنما اور پولیس کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تھرپارکر میں خودکشیوں کے رجحان کی تحقیقات میں ہوشربا انکشافات کئے ہیں۔

کمیٹی نے پولیس کو تجویز دی ہے کہ وہ ہر خودکشی کی مکمل تفتیش کرکے مقدمہ درج کرے اور یو سی کی سطح پر تھیٹر قائم کئےجائیں جہاں مقامی افراد میں اخلاقی ذمہ داریاں پیدا کی جائیں۔

تھر میں خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان پرفیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے چونکا دینے والے انکشافات کئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دیہی لوگوں میں تاثر ہے کہ شہری زندگی ہر قسم کے مسائل سے مبرا ہے۔ دیہی لوگ شہری زندگی اپنانے میں ناکامی پر ذہنی و نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں، جنسی استحصال بھی خودکشی کی بڑی وجہ کے طور پر سامنے آیا ہے۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ پولیس خودکشی کے ہر کیس کی مکمل تفتیش اور مقدمہ درج کرے۔ نفسیاتی بحالی مراکز قائم کرکے متاثرہ افراد کی رجسٹریشن کی جائے۔ ہر تھانے میں سماجی تنظمیوں کی مدد سے کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں۔

محکمہ ثقافت کو یو سی سطح پر تھیٹر قائم کرنا چاہئیں تاکہ مقامی افراد میں اخلاقی ذمہ داریوں سے متعلق حساسیت پیدا ہو۔

فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ ڈی آئی جی میرپورخاص ذوالفقار مہر کی جانب سے مقرر کی گئی 7 رکنی کمیٹی نے مرتب کی ہے جس میں ماہر نفسیات، پولیس، وکلاء اور سماجی رہنما شامل تھے۔