پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کی سرکاری اراضی پر قبضہ

January 01, 2022

فائل فوٹو

سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ جاوید اختر محمود کا کہنا ہے کہ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کی سرکاری اراضی پر قبضہ ہو گیا ہے۔

جاوید اختر محمود کا کہنا ہے کہ سرکاری زمین وا گزار کرانے کے لیے پھاٹا نے عدالتی دعویٰ تک نہ کیا، نہ وکیل مقرر کیا، پھاٹا افسران کی غفلت کا فائدہ عدالت میں قبضہ مافیا کے اراکین کو ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت میں زمینوں کا یک طرفہ فیصلہ ان کے حق میں ہوا، سرکاری زمین پر قبضے کے ذمہ دار ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز پھاٹا اور دیگر ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پھاٹا کے افسران کی سستی اور غفلت سے حکومت کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوا، قبضہ کی گئی زمین گلشن مارکیٹ کے کمرشل ایریا میں واقع ہے۔

سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ قرار دیے گئے افسران 7 روز میں جواب جمع کرائیں، کارروائی کا آغاز ڈائریکٹر جنرل پھاٹا کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔