کراچی: صبح بارش رک گئی، موسم سرد، پانی سڑکوں پر جمع

January 05, 2022


کراچی میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوئی تاہم صبح ہونے پر بارش کا سلسلہ رک گیا، شہر بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم سرد ہو گیا۔

کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، تاہم ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق بارش کے پانی کی وجہ سے شہرِ قائد میں کہیں پر ٹریفک جام نہیں ہے۔

دوسری جانب لیاقت آباد انڈر پاس میں اور حیدری مارکیٹ کے روڈ پر چند مقامات پر پانی جمع ہے۔

ایم اے جناح روڈ پر بھی چند مقامات پر اور نیپا پل پر بھی پانی جمع ہے، تاہم ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔

دوسری جانب شہر کی مصروف ترین شارعِ فیصل پر بھی ٹریفک رواں دواں ہے۔

ادھر نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی کے علاقے میں سڑکوں پر کہیں کہیں پانی جمع ہے جبکہ کئی گلیوں میں پانی جمع ہونے سے مکینوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔