دانیال ظفر کے گانے پر سشمیتا سین فدا

January 05, 2022

دانیال ظفر کے گانے پر سشمتا سین فدا

گلوکار و اداکار دانیال ظفر کے گانے ’اُڑھ چلیے‘ پر بھارتی اداکارہ سشمیتا سین نے اظہارِ پسندیدگی کیا ہے۔

سشمیتا سین نے اپنی گاڑی میں ممبئی کی سڑکوں پر بیٹی کے ہمراہ سیر و تفریح کرتے ایک ویڈیو شیئر کی جس کے بیک گراؤنڈ میں دانیال ظفر کا گانا چل رہا ہے۔

ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے جہاں ممبئی کی تعریفیں کیں وہیں دانیال ظفر کے گانے کی بھی خوب تعریف کی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ممبئی کی تازہ ہوا، ڈرائیو، کھلا آسمان اور بار بار سُنا جانے والا علیسہ کا پسندیدہ گانا ‘

دانیال ظفر اپنے گانے کی بالی ووڈ سے پزیرائی پر خوش دکھائی دیے اور سشمیتا کی پوسٹ پر ایک تفصیلی کمنٹ کے ذریعے بتایا کہ اداکارہ نے اُن کا خواب پورا کردیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے خواب دیکھا تھا کہ اس گانے کو کھلی فضا، تیز ڈرائیو میں سُنا جائے اور سراہا جائے، وہ خواب آج پورا ہوگیا۔

جہاں مداحوں کی بڑی تعداد انسٹاگرام پر کمنٹس سیکشن پر دانیال ظفر کی تعریفیں کرتے رہے، وہیں سشمیتا سین نے خود ایک بار پھر دانیال ظفر کے کام کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دانیال آپ ایک اچھے انسان ہیں، اور آپ کا پیغام بھی بہترین ہے، آپ کی آواز آپ کے دل کی آواز ہے۔

سشمیتا نے لکھا کہ سرحد پار لوگوں اور ان کے خوابوں کو جوڑنے کی طاقت حاصل کرنا کتنی بڑی نعمت ہے!!، ماشاءاللہ۔‘