کینٹ بورڈز کو نجی اسکولوں کو سیل کرنے سے روک دیا گیا

January 05, 2022

—فائل فوٹو

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کنٹونمنٹ کے علاقوں سے نجی اسکولز کی بے دخلی کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے کینٹ بورڈز کو نجی اسکولوں کو سیل کرنے سے روک دیا۔

کیس کی سماعت جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

عدالتِ عظمیٰ نے ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کو نوٹس جاری کر دیے اور جواب طلب کر لیا۔

نجی اسکولز کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ کینٹ بورڈز میں 8 ہزار 300 نجی اسکول اور 37 لاکھ بچے زیرِتعلیم ہیں، اسکولوں کو سیل کیا جا رہا ہے، بچے کہاں جائیں گے؟ سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کو سنے بغیر فیصلہ دیا تھا۔

والدین کے وکیل حامد خان نے کہا کہ اصل کیس تو رہائشی پلاٹ پر اسکول بنانے کا تھا، ایک سول کیس میں مؤقف سنے بغیر سخت حکم جاری کیا گیا۔

عدالتِ عظمیٰ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔