• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹونمنٹ علاقوں میں 30 ہزار پرائیویٹ اسکولز بند

کراچی (جنگ نیوز) کنٹونمنٹ علاقوں میں 30؍ ہزار پرائیویٹ اسکولز بند کرنے سے 40؍ لاکھ بچے حصول علم سے محروم ہو جائیں گے۔

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نجی اسکولوں کی بندش سے لاکھوں بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 42؍ کنٹونمنٹ بورڈز کے علاقوں میں 30؍ ہزار نجی اسکول ہیں جہاں اساتذہ اور غیر نصابی عملے کے 4؍ لاکھ افراد درس و تدریس سے منسلک ہیں۔

سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹ علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر کنٹونمنٹ بورڈز نے اپنی حدودمیں و اقع تعلیمی ادارے بند کردیئے صرف لاہور کنٹونمنٹ میں 2600؍ نجی اسکولوں کو عمارتیں خالی کرنا ہوں گی۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی وجہ سے 10؍ ہزار نجی اسکول بند اور 7؍ لاکھ اساتذہ اپنے روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔

کاشف مرزا نے کہا کہ پورے ملک میں ان کثیر تعداد میں اسکولوں کو کھپانے کے لئے متبادل جگہیں نہیں ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس اور چیف آف آرمی اسٹاف سے پرائیویٹ اسکولز بندکرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے۔

تازہ ترین