کراچی میں کورونا شرح سوا 10 فیصد پر جا پہنچی

January 07, 2022


ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح سوا 10 فیصد ہو گئی۔

وفاقی وزارتِ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں بھی کورونا کے پازیٹو کیسز کی شرح ساڑھے 5 فیصد سے زائد ہو گئی، جبکہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی شرح ڈھائی فیصد سے زائد ہو گئی۔

وفاقی وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق کراچی میں اومی کرون ویرینٹ دوسرے ویرینٹس کی جگہ لے رہا ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 10 اعشاریہ 25 فیصد ہو گئی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 6 ہزار 340 ٹیسٹ کیے گئے، جن کے باعث 650 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

وفاقی وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کراچی میں کورونا کے ڈیلٹا اور کاپا ویرینٹس کے کیسز کم ہو رہے ہیں جبکہ اومی کرون ویرینٹ کے کیسز میں اضافہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 84 ہزار 985 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 678 ہو گئیں۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 961 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 1 ہزار 141 ہو چکی ہے۔