مہوش حیات نے ہمایوں سعید کی کراؤن میں کاسٹ کے حوالے سے کنفیوژن دور کردی

January 12, 2022

فوٹو، مہوش حیات انسٹاگرام

معروف فلم اسٹار مہوش حیات نے ساتھی اداکار ہمایوں سعید کی ’دی کراؤن‘ میں کاسٹ کیے جانے اور ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے مداحوں کی کنفیوژن دور کردی۔

مہوش حیات نے انسٹاگرام پر مونچھیں لگا کر ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں پہچاننا تقریباً ناممکن ہے۔


اداکارہ نے دوست اور ساتھی اداکار ہمایوں سعید کی اس بڑی کامیابی پر انہیں مبارکباد دینے کے لیے مزاحیہ انداز اپنایا۔

مہوش حیات نے کیپشن میں لکھا کہ ’بھائی آپ سب لوگوں کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے، مجھے کنفیوژن دور کرنے دیں، یہ دراصل میں ہوں جو نیٹ فلکس کی ’دی کراؤن‘ میں ڈاکٹر حسنات کا کردار نبھاؤں گی، اب افواہوں کے بازار کو ٹھنڈا ہوجانا چاہیے۔ ‘

مہوش حیات نے ہمایوں سعید کے حوالے سے کہا کہ انہیں ان کے اس ڈرامے میں کاسٹ ہونے پر بہت خوشی ہے، ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں۔

خیال رہے کہ اداکار ہمایوں سعید ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں برطانوی شہزادی کے مقابل ایک پاکستانی سرجن کا کردار ادا کریں گے۔

شاہی خاندان پر بنے ڈرامہ میں ایک طرف شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی اور اس کے اختتام کو موضوع بنایا گیا ہے وہیں 1997 میں کار حادثے میں شہزادی ڈیانا کی موت کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔

ڈاکٹر حسنات خان کو ایک حادثے میں اپنے مصری دوست کے ساتھ ہلاک ہو جانے والی برطانوی شہزادی ڈیانا کی ’حقیقی محبت‘ قرار دیا جاتا ہے، جنہیں وہ ’مسٹر ونڈرفل‘ کے نام سے پکارتی تھیں۔

ہمایوں سعید کی کاسٹنگ پر اداکارہ سکینہ سموں نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اس کردار کیلئے فواد خان بہترین چوائس تھے، وہ ہمایوں سعید کو کاسٹ کیے جانے کے بعد یہ ڈرامہ نہیں دیکھیں گی۔