تحقیقات کی خبر چلتے ہی حریم شاہ منی لانڈرنگ کے بیان سے مکر گئیں

January 12, 2022

معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی خبر چلتے ہی اپنے بیان سے مکر گئیں اور کہا کہ رقم اسمگل نہیں کی، بس ویڈیو بنائی۔

دفتر خارجہ میں سیاستدانوں کے ساتھ اور سلیبرٹیز کے ساتھ متنازع ویڈیو بناکر شہرت حاصل کرنے والی حریم شاہ نے آج نیا دعویٰ کیا۔

انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ پاکستان سے بھاری رقم لے کر برطانیہ گئیں لیکن انہیں کسی نے بھی روکا نہیں اور کوئی انہیں روک بھی نہیں سکتا ہے۔

حریم شاہ نے ویڈیو کے دوران ساتھ ہی مفت مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے لوگ ایسا کام کرتے ہوئے احتیاط کریں کیونکہ غریب پکڑا جاتا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردیں۔

میڈیا پر تحقیقات سے متعلق خبر نشر ہوتے ہی حریم شاہ اپنے بیان سے مکر گئیں اور کہا کہ میں نے کوئی پیسہ اسمگل نہیں کیا، بس ویڈیو بنائی تھی۔

حریم شاہ کبھی دفتر خارجہ کے اندر جاکر متنازع وڈیو بناکر شہرت حاصل کرتی ہیں، تو کبھی سیاست دانوں اور سیلبریٹیز کے ساتھ ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر موضوع بحث رہتی ہیں۔

اپنی متنازعہ وڈیوز کی وجہ سے یہ متعدد بار اسکینڈلز میں ملوث رہیں، وزیر اعظم عمران خان، وزیر داخلہ شیخ رشید، صوبائی وزیر فیاض چوہان اور معروف مذہبی اسکولر مفتی قوی کے ساتھ بھی ماضی میں حریم شاہ کی متنازعہ وڈیوز اور تصاویر سامنے آئیں تھیں۔