برطانیہ جانے والوں کو سفر سے پہلے کورونا ٹیسٹ نہیں کروانا پڑے گا

January 15, 2022


برطانیہ نے اپنے ملک میں آنے والے افراد کا سفر سے پہلے کورونا ٹیسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ اب سے کورونا ویکسینیشن کا کورس پورا کرنے والے افراد کو سفر سے پہلے کورونا ٹیسٹ کروانا نہیں پڑے گا، بلکہ برطانیہ آمد کے بعد دوسرے دن پی سی آر ٹیسٹ کے بجائے 5 سے 10 منٹ میں نتیجہ بتانے والا لٹرل فلو ٹیسٹ کیا جائے گا۔

اس سے پہلے 12 سال سے زائد عمر کے افراد کو برطانیہ آمد سے دو دن پہلے پی سی آر ٹیسٹ یا لٹرل فلو ٹیسٹ کروانا لازمی تھا۔

مکمل ویکسین شدہ افراد کو برطانیہ آمد کے دو دن کے اندر اندرایک اور پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوتا تھا جس کے پیسے بھی انھیں خود بھرنا پڑتے تھے۔

ہانگ کانگ: بیشتر ملکوں سے ٹرانزٹ پروازیں منسوخ

دوسری جانب ہانگ کانگ نے کورونا وائرس کے باعث بیشتر ملکوں سے ٹرانزٹ پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایک ماہ کیلئے تقریباً 150 ملکوں کی ٹرانزٹ پروازیں منسوخ کی جائیں گی۔

خبر ایجنسی نے ہانگ کانگ کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ اقدام اومی کرون قسم کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی نے حکام کے حوالے سے مزید بتایا کہ ہانگ کانگ میں بارز، سینما اور بیوٹی سیلون مزید دو ہفتوں کیلئے بند رہیں گے۔

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز میں تیزی کا رجحان جاری ہے۔

حکام نے شنگھائی میں مقامی منتقلی کے پانچ کیسز رپورٹ ہونے پر سیاحتی سرگرمیوں پر پابندی لگادی ہے۔