پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ PDM نے مسترد کر دیا

January 16, 2022

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلے عمران خان آئی ایم ایف کے حکم پر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کے نہیں آئی ایم ایف کے نمائندے ہیں، انہوں نے پاکستان کی معاشی خود مختاری کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا۔

حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے اومی کرون اور کورونا وائرس سے زیادہ عمران وائرس جان لیوا ثابت ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران وائرس سے نجات پانا پوری قوم کی ذمے داری ہے، اس بیماری سےنجات کے لیے قوم پی ڈی ایم کی قیادت کا ساتھ دے۔

پی ڈی ایم کے ترجمان نے مزید کہا کہ چند ہفتوں کے لیے لندن جانے والے 2 سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود واپس نہیں آئے۔

حافظ حسین احمد نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر عدنان سمیت وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔