بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں نے لیویز لائن پر حملہ کر دیا، فائرنگ کے دوران 16 سالہ نوجوان جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں 2 حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا اور 3 زخمی ہوئے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مستونگ بازار میں 20 سے زائد دہشتگردوں نے لیویز لائن پر حملہ کیا، اس دوران دہشتگردوں نے فائرنگ کی۔ لیویز لائن میں موجود لیویز اہلکاروں اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، زخمی ہونے والے حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے تھے، تاہم حملہ آور آماچ پہاڑی سلسلے میں فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔
دہشتگردوں نے لیویز لائن کے احاطے میں کھڑی کئی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے تاہم اس دوران حملہ آور مستونگ لیویز لائن میں فائرنگ کرتے ہوئے ریکارڈ کو نذر آتش کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
پولیس انتطامیہ کے مطابق حملہ آوروں نے ایک بینک کو بھی لوٹا اور وہاں بھی عملے کو یر غمال بنا کر ریکارڈ نذرآتش کردیا۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کا کہنا ہے کہ مستونگ میں فتنہ الہندوستان نے بینک، تحصیل آفس اور دفاتر پر حملہ کیا، دہشتگردوں کی فائرنگ سے 16 سال کا نوجوان جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے۔ ایف سی، سی ٹی ڈی، لیویز نے علاقے کا محاصرہ کیا اور دہشتگردوں کے خلاف کامیاب جواب کارروائی کی۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے۔
شاہد رند کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جاری ہے، سیکیورٹی فورسز کا فوری رسپانس جانی نقصان بڑھنے سے روکنے میں مؤثر رہا، حملے کے مقام پر فورسز نے منظم انداز میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائی جاری ہے، سیکیورٹی اداروں نے حملہ آوروں کے سہولت کاروں کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔