• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل میمن کی سندھ کے عوام کیلئے خوشخبری

شرجیل میمن—فائل فوٹو
شرجیل میمن—فائل فوٹو

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے صوبے کے عوام کو خوشخبری سنادی۔

جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں 4 ہزار 400 نئے اساتذہ کی بھرتی، 4 نئے آئی بی اے کمیونٹی کالجز کا قیام اور 34 ہزار اسکولوں کو مالی خود مختاری کی فراہمی کا عمل آئندہ سہ ماہی میں شروع کر دیا جائے گا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا ہے کہ سندھ ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے مزید ہزاروں مستحق طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے، صحت کے شعبے میں 326.5 ارب روپے کی خطیر رقم صرف کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز ریلیز کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایس آئی یو ٹی، پی پی ایچ آئی، این آئی سی وی ڈی اور چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال کی توسیع اور ایمبولینس سروسز کو اپ گریڈ کرنا ہماری اولین ترجیحات ہیں، کراچی کے لیے مختص خصوصی ترقیاتی پیکیج کے تحت سڑکوں، پانی، سیوریج اور ماس ٹرانزٹ کے منصوبے جلد شروع ہونے جا رہے ہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ 50 الیکٹرک بسوں کے بعد مزید 100 بسیں اگست تک سڑکوں پر لائی جائیں گی، بینظیر ہاری کارڈ کے تحت 2 لاکھ کسانوں کو سبسڈی کی فراہمی کا عمل مرحلہ وار شروع کیا جا رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے، تمام اقدامات معیشت کو سہارا دینے اور عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے کیے گئے ہیں، حکومتِ سندھ عوام سے کیے گئے وعدوں کو ہر صورت پورا کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید