گلستانِ جوہر سے کیبل آپریٹر کے اغواء اور قتل کا ملزم گرفتار

January 17, 2022

فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں گزشتہ ہفتے کیبل آپریٹر اور سماجی کارکن فاروق علی خان کے قتل کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

فاروق علی خان المعروف فاروق قائم خانی کی لاش 9 جنوری کو گلستان جوہر میں نالے سے برآمد ہوئی تھی، فاروق کے اغوا کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں 6 جنوری کو درج کروایا گیا تھا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم سمیر بلوچ لاپتہ کرکے قتل کیے گئے فاروق علی خان کا قریبی ساتھی اور سابق ڈرائیور رہا ہے۔

ملزم نے گھریلو معاملے پر فاروق کو قتل کیا، تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے گاڑی چلاتے ہوئے فاروق کو چھریوں کے وار کرکے قتل کیا۔

ملزم کے ابتدائی بیان کے مطابق اس نے شواہد مٹانے کے لیے مقتول کی گاڑی کو بھی آگ لگادی تھی اور قتل کے بعد لاش کو نالے میں پھینک دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔