کبھی یوکرین کے لوگوں کو دھمکی نہیں دی، امریکا سے اشتعال انگیزی میں کمی کے لیے کہا ہے، روسی وزیر خارجہ

January 21, 2022

جنیوا میں امریکی اور روسی وزراء خارجہ کے درمیان یوکرین کے معاملے پر ملاقات ہوئی ہے۔ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کی۔

اس موقع پر روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ اگلے ہفتے اپنا تحریری جواب پیش کریں گے۔

سرگئی لاروف نے کہا کہ انٹونی بلنکن نے بتایا ہے کہ وہ مطمئن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات دہراتا ہوں کہ روس نے کبھی بھی یوکرین کے لوگوں کو دھمکی نہیں دی۔ امریکا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روس یوکرین میں اشتعال انگیزی میں کمی لائے۔

سرگئی لاروف نے کہا مجھے امید ہے کہ جذبات میں کمی آجائے گی۔ ہم نے واضح کیا ہے کہ روس کا یوکرین پر حملہ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ امریکا اور روس کے درمیان مذاکرات کا یہ اختتام نہیں۔ نیٹو اب روس کےخلاف کام کررہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ روس کے خدشات ہتھیاروں کے بارے میں ہیں۔ مغربی فوجی ماہرین یوکرین بھیجے جا رہے ہیں۔ روسی صدر پیوٹن امریکی صدر جو بائیڈن سے رابطے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔

سرگئی لاروف نے کہا کہ صدر پیوٹن اور صدر بائیڈن کے درمیان کوئی بھی بات چیت کی تیاری اچھے طریقے سے ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ سے بات چیت واضح اور فائدہ مند رہی۔