شیری رحمٰن کا ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ پر سینیٹ میں بحث کرانے کا مطالبہ

January 25, 2022

پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پرسینیٹ میں بحث کرانے کا مطالبہ کردیا۔

سینیٹ اجلاس کے دوران شیری رحمٰن نے کہا کہ یہ حکومت کارکردگی پر نہیں، چور ڈاکو کرپشن کے بیانیے پر چلی تھی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے کرپشن میں بھی سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، ماضی کی حکومتوں کو چھوڑیں، اپنا جواب دیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ ملک سے کرپشن ختم کریں گے، عمران خان خود کہتے رہے کہ ملک میں مسائل کی جڑ کرپشن ہے۔

خیال رہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کر دی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا ہے۔