متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے ایران جنگ کے بعد عوامی سطح پر پہلا بیان جاری کردیا۔
اماراتی صدر کا کہنا ہے کہ قوم حالت جنگ میں ہے، ہم اپنے ملک، عوام اور ہمارے خاندان کا حصہ ہمارے رہائشیوں کے لیے اپنا فرض ادا کریں گے۔
محمد بن زاید النہیان نے مزید کہا کہ یو اے ای کی کھال موٹی اور گوشت کڑوا ہے، ہم آسان شکار نہیں ہیں۔
اس سے قبل اماراتی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ ملکی دفاعی نظام نے آج 15 بیلسٹک میزائل اور 119 ڈرونز کو روکا ہے۔
وزارت دفاع کے اعلامیے کے مطابق دفاعی نظام آج مجموعی طور پر 16 بیلسٹک میزائلوں کو نمٹایا ہے، ان میں سے 15 کو روک کر تباہ کیا جبکہ ایک سمندر میں گر گیا۔
وزارت دفاع کے مطابق یو اے ای نے مجموعی طور 1 ہزار 305 ایرانی ڈرونز کا سامنا کیا، جن میں 1229 ڈورنز کو روکا گیا جبکہ 76 اماراتی سر زمین پر گرے۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی حملہ یا میزائل حملے نہیں کیے جائیں گے، جب تک ان ممالک کی سر زمین سے ایران پر حملہ نہ کیا جائے۔
ایک بیان میں ایرانی صدر نے کہا تھا کہ عبوری لیڈرشپ کونسل نے پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی حملہ یا میزائل حملہ نہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں، پڑوسی ممالک سے معذرت خواہ ہوں۔