ترکی اور یونان میں شدید بارف باری، زندگی مفلوج، ہزاروں مسافر پھنس گئے

January 25, 2022

ترکی اور یونان میں شدید بارف باری کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، خبر ایجنسی کے مطابق استنبول ایئرپورٹ پر 24 گھنٹوں بعد کچھ پروازیں بحال ہونا شروع ہوئی ہیں۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ مخصوص پروازیں شروع کردی گئیں جبکہ ترجمان ایئرپورٹ کے مطابق شیڈول پروازیں آج رات سے بحال ہوں گی۔

خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹس بند ہونے سے ترکی اور یونان میں ہزاروں افراد پھنسے ہوئے ہیں، استنبول کے ایئرپورٹ پر دو دنوں سے پھنسے ہوئے مسافروں نے احتجاج کیا۔

ان مسافروں نے ایئرپورٹ پر عملے کی کمی اور تعاون نہ کرنے کی شکایات بھی کیں۔ ایک مسافر نے بتایا کہ استنبول ایئرپورٹ پر سامان، ٹکٹ اور کھانے کی فراہمی میں مشکلات درپیش ہیں۔

ادھر خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ترک ایئر لائنز نے اپنی تمام پروازیں آج رات تک کے لیے معطل کر رکھی ہیں، انطالیہ کے ساحلوں پر 29 سالوں میں پہلی برف باری ہوئی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق شدید برف باری کے باعث استنبول ایئرپورٹ کے کارگو ویئر ہاؤس کی چھت گر گئی ہے، جبکہ استنبول میں ایئرپورٹ کے رن ویز اور طیارے برف سے ڈھکے ہوئے ہیں۔