رواں مالی سال میں ڈالرز کا بہاؤ 9.27 ارب پھر بھی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی

January 26, 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر) رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں ڈالرز کا بہائو 9.27 ارب ڈالرز پھر بھی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی واقع ہوئی ہے۔ جس کی وجہ قرضوں اور واجبات کی ادائیگیاں ہیں۔ 14جنوری، 2022 تک پاکستان کے مجموعی سیال غیرملکی ذخائر 23.34ارب ڈالرز تھے۔ تفصیلات کے مطابق، پاکستان میں رواں مالی سال کی ابتدائی ششماہی (جولائی تا دسمبر) میں ڈالرز کا بہائو 9.27 ارب ڈالرز رہا ہے، جس کی اہم وجہ دسمبر، 2021 میں سعودی عرب کی جانب سے ملنے والے 3 ارب ڈالرز قرضہ ہے۔ صرف دسمبر، 2021 میں پاکستان نے قرضوں کی صورت میں 4.525 ارب ڈالرز حاصل کیے ہیں۔ تاہم، اس کے باوجود اسٹیٹ بینک کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی واقع ہورہی ہے۔ 14 جنوری، 2022 تک پاکستان کے مجموعی سیال غیرملکی ذخائر 23.34 ارب ڈالرز تھے۔ اسٹیٹ بینک کے پاس 17.035 ارب ڈالرز غیرملی زرمبادلہ کے ذخائر تھے اور کمرشل بینکوں کے خالص ذخائر 6.314 ارب ڈالرز تھے۔ 14 جنوری، 2022 کو ختم ہونے والے ہفتے میں اسٹیٹ بینک ذخائر میں 56 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی کمی واقع ہوئی جس کی وجہ غیرملکی قرضے اور دیگر ادائیگیاں تھیں۔