فیصل آباد: بچی پر بہیمانہ تشدد، سوتیلی ماں اور سگے باپ کا ریمانڈ منظور

January 26, 2022

فیصل آباد کی عدالت نے 12 سال کی بچی پر بہیمانہ تشدد کرنے والے سوتیلی ماں اور سگے باپ کا ریمانڈ منظور کر لیا۔

فیصل آباد پولیس کی جانب سے دونوں میاں بیوی کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزم والد ساحل کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ ملزمہ سوتیلی والدہ اسماء کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

اس موقع پر بیٹی پر تشدد کرنے والے ملزم ساحل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کو تھپڑ مارا تھا، اسے سیڑھیوں سے گرنے سے زیادہ چوٹ آئی۔

ملزم نے مزید کہا کہ اپنے کیے پر شرمندہ ہوں، معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، وہ میری بیٹی ہے، اسے جان سے مارنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

ملزم ساحل کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس معاملے کو جانے دیں، سب کے سامنے کہہ رہا ہوں کہ شرمندہ ہوں۔