غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی کا نیٹ ورک چلانے والے 13 ملزمان گرفتار

January 27, 2022

وفاقی حساس ادارے اور ایف آئی اے نے کراچی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی انٹیلی جنس ایجنسی کا نیٹ ورک پاکستان میں چلانے اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل نے وفاقی حساس ادارے کی نشاندہی پر کراچی کے چار مختلف مقامات پر کارروائی کی اور حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث 13 افراد گرفتار کرلیے۔

گرفتار افراد کا تعلق بیرونی انٹیلی جنس ایجنسی سے ہے، گرفتار ہونے والوں میں سوئس ایکسچینج کمپنی کے ملازمین بھی شامل ہیں۔

ملزمان سے 18000 امریکی ڈالر، دو کروڑ 23 لاکھ پاکستانی روپے اور دیگر غیر ملکی کرنسی بر آمد ہوئی ہے، ملزمان کے قبضے سے نہایت حساس اور غیرقانونی دستاویزات بھی برآمد ہوئے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار شدہ افراد بیرونی انٹیلی جنس ایجنسی کی ایما پر ان کے پاکستانی نیٹ ورکس کو امداد اور رقوم کی ترسیل کا کام کرنے کے علاوہ پاکستان سے حساس نوعیت کی معلومات بیرونی ایجنسی کو بھی دیتے تھے اور ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی بھی کرتے تھے۔

یہ گروپ گزشتہ سات سالوں سے پاکستان میں متحرک تھا، گرفتار 13 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔