ہمارے کارکن کا پوسٹ مارٹم خاندان کی مرضی سے ہوسکتا تھا، خالد مقبول

January 27, 2022

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہمارے کارکن اسلم کا پوسٹ مارٹم خاندان کی مرضی سے ہوسکتا تھا، ریلی میں میری اپنی سانس تھوڑی دیر تک رک گئی تھی۔

محمد شاہ قبرستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جو شرپسندی کے لئے آئے گا کیا مائیں اور بچے لےکر آئے گا، ان کو 24 یا 26 دنوں کا دھرنا نظر نہیں آتا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حقیقی نمائندوں نے احتجاج کیا تو یہ لوگ کانپ گئے، تحریک پرُامن ہے، تشدد ہم نے نہیں ہم پر کیا گیا، حکومت اور ریاست پر اب گولی اور ڈنڈے مارنے کی ذمہ داری ہے۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ یہ لاوارث نہیں پورے ملک کو پالنے والوں کی اولادیں ہیں، جتنا وقت اس شہر نے ظالموں کو دینا تھا دے دیا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کون سی اپوزیشن ہے جس کے کارکنان لاپتا اور دفاتر بند ہیں، یہ ریاستی دہشت گردی ہے۔