روسی فوج کی بیلاروس میں منتقلی پر الرٹ ہیں، نیٹو سربراہ

January 28, 2022

نیٹو کے سربراہ جین اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ روسی فوج کی بیلاروس میں منتقلی پر نیٹو الرٹ ہے اورنیٹو اتحاد مشرقی یورپ میں اپنی فوج کی موجودگی میں اضافہ کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مغرب یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کی مختلف شکلوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہے۔ ضروری نہیں کہ روس کی جانب سے زمینی حملہ کیا جائے۔

نیٹو چیف نے ایک آن لائن ایونٹ میں کہا کہ روس کی طرف سے بیلاروس میں فوجیوں اورہتھیاروں کی منتقلی کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں، روس بیلاروس میں ہزاروں فوجی، طیارے اور ایس 400 دفاعی نظام تعینات کر رہا ہے۔

اسٹولٹن برگ نے کہا کہ نیٹو سیاسی بات چیت کیلئے تیار ہے لیکن اگر روس مسلح تصادم کا انتخاب کرتا ہے تو اتحاد جواب دینے کیلئے بھی تیار ہے۔

نیٹو سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ یوکرین میں جنگی طور پر تیار فوجیوں کو تعینات کرنے کا منصوبہ نہیں بنا رہے۔