حرا مانی بار بار رونے دھونے والے کردار ہی کیوں کرتی ہیں؟

February 04, 2022

پاکستانی معروف اداکارہ حرامانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہر ڈرامے میں رونے دھونے والے کرداروں کی آفرز کو کیوں قبول کر لیتی ہیں۔

گزشتہ دنوں حرامانی نے نشر ہونے والے نئے ڈرامے کی کاسٹ کے ساتھ منیب بٹ اور نئی ابھرتی اداکارہ عائزہ اعوان کے ساتھ مارننگ شو میں شرکت کی، اس دوران حرا مانی سمیت ہر فنکار نے متعدد دلچسپ سوالات کے جوابات دیئے۔

شو کے دوران اداکارہ عائزہ اعوان کا بتانا تھا کہ ’اُنہیں اس ڈرامے کے دوران پہنے گئے کپڑے بالکل پسند نہیں آئے تھے۔‘

اداکار منیب بٹ کا حرا مانی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’حرا مانی بھی سیٹ پر تاخیر سے آتی ہیں اور جب وجہ پوچھی جائے تو وہ سارا ملبہ اپنے بچوں پر ڈال دیتی ہیں کہ مزمل کھانا نہیں کھا رہا تھا یا کسی کو کوئی مسئلہ ہو گیا تھا۔‘

منیب بٹ سے متعلق شو کی میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں حرا مانی اور عائزہ اعوان کا کہنا تھا کہ ’منیب بٹ بس اپنی اہلیہ ایمن خان سے ڈرتے ہیں۔‘

دوسری جانب شو کی میزبان ندا یاسر نے اداکارہ حرا مانی سے سوا ل کیا کہ وہ ہمیشہ ایک جیسے رونے دھونے والے کردار ہی کیوں ادا کرتی رہتی ہیں؟

جس کے جواب میں اداکارہ حرا مانی کا معصومیت اور سادگی سے کہنا تھا کہ ’اُنہیں پیسے چاہیے تھے اس لیے اُنہوںنے اس ڈرامے میں بھی رونے دھونے والے کردار کے لیے ہامی بھر لی تھی۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’کیوں کہ اُنہیں اپنے گھر کے بل بھرنے ہوتے ہیں اور بچوں کو سنبھالنا ہوتا ہے تو بس اُنہوں نے اس کردار کے لیے ہاں کر دی تھی۔‘