کم آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی 21.46 فیصد تک بڑھ گئی

February 05, 2022

کراچی(نیوز ڈیسک،ایجنسیاں)وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق 3فروری کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتےکے دوران مہنگائی کی شرح گزشتہ سال کے مقابلے میں19.53فیصد جبکہ گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں یہ شرح1.35 فیصد بڑھ گئی ہے ،۔

رپورٹ کے مطابق 3 فروری2022 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی)کے لحاظ سے گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلہ میں ملک میں مہنگائی کی شرح19.53فیصد رہی۔

گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 21.46 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 19.31 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 17.99 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 17.63 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 19.60 فیصد رہی.

ملک کے 17 بڑے شہروں سے 51 اشیاء کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیاگیا جس کے مطابق 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔