پیٹرول مہنگا، اپوزیشن کی تنقید پر فواد چوہدری کا ردّ عمل

February 17, 2022


پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن کی تنقید پروفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ردّ عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ تنقید کریں مگر متبادل بھی بتائیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ کسی بھی تنقید کا اہم پہلو یہ ہوتا ہے کہ آپ متبادل دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تیل 60 سے 95 ڈالر پر پہنچ جائے تو حکومت قیمت کیسے نہ بڑھائے؟، کوئی جادو کا چراغ ہے تو اپوزیشن بتادے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 3 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 8 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 43 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن کی جماعتوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔