امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر 2 روزہ احتجاج کی کال دے دی، ان کا کہنا ہے کہ جمعرات اور جمعے کو ہر شہر میں اس ظالمانہ اقدام کے خلاف احتجاج ہو گا۔
لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے غریب عوام پر ظلم کی تمام حدیں عبور کر لیں، پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے لیٹر کے اس نئے اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کم ازکم 50 فی صد کمی کرے، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور کسٹم ڈیوٹی ختم کر کے عوام کو سبسڈی دی جائے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی غریب کش پالیسی جبر اور نا انصافی کی انتہا ہے، آئی ایم ایف کے احکامات پر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ڈیزل، کیروسین آئل، لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں 10 سے 12 روپے لیٹر اضافہ منظور نہیں ہے، پاکستان دنیا کا مہنگا ترین ملک بنا دیا گیا ہے جہاں لوگوں پر عرصۂ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ حکمراں اشیائے خورد و نوش، پیٹرول، بجلی، ادویات کے ریٹس میں فوری 50 فیصد کمی کریں، عوام دشمن اقدامات ختم نہ ہوئے تو دھرنوں سے حکمرانوں کو گھر بھیجیں گے۔