کراچی: صحافی اطہر متین پر حملہ کرنیوالے ملزمان کے فرار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

February 18, 2022

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں صحافی اطہر متین پر حملے کے بعد فرار ہوتے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس نے حاصل کرلی ہے۔

فائیو سٹار چورنگی پر ایک نجی پراپرٹی کے سی سی ٹی وی کیمرے میں واردات کا منظر تو ریکارڈ نہیں ہوا لیکن موٹر سائیکل چھین کر فرار ملزمان کو دیکھا جا سکتا ہے جن میں سے ایک ملزم کے ہاتھ میں پستول بھی ہے جو پیدل بھاگتے ہوئے جاتا ہے جبکہ اس کا ساتھی ملزم موٹر سائیکل لے کر بھاگتا ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ بھی واضح ہوا ہے کہ دونوں ملزمان نے پینٹ شرٹ پہن رکھی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج سے واردات کا صحیح ٹائم آٹھ بجکر 28 منٹ بھی سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق علاقے کے دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ اطہر متین نجی ٹی وی سماء سے منسلک تھے اور بطور پروڈیوسر ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے، اطہر متین معروف نیوز کاسٹر اور اینکر طارق متین کے بھائی تھے۔