روسی راکٹ حملے میں یوکرینی اداکارہ ہلاک

March 18, 2022

روسی راکٹ حملے میں یوکرینی اداکارہ اوکسانا شویتس ہلاک ہوگئیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی اداکارہ اوکسانا کی ہلاکت کی تصدیق، اُن کے گروپ، ینگ تھیٹر نے اپنے ایک بیان کے ذریعے کی۔

ینگ تھیٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’کیف میں ایک رہائشی عمارت پر راکٹ کی گولہ باری کے دوران، یوکرین کی معروف اداکارہ اوکسانا شویٹس ہلاک ہو گئیں۔

اداکارہ اوکسانا کی عمر 67 برس تھی، انہیں یوکرین کے اعلیٰ ترین فنکارانہ اعزازات میں سے ایک سے نوازا گیا تھا، جس کا لقب تقریباً 'یوکرین کی اعزازی آرٹسٹ' کے طور پر ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل روسی افواج کی بمباری سے یوکرین کے معروف اداکار و میزبان پاشا لی ہلاک ہوئے تھے۔

اداکار پاشا لی نے روسی افواج کے حملے کے بعد اپنے ملک یوکرین کے دفاع کے لیے عارضی طور پر اپنے ملک کی دفاعی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔