پتوکی، پاپڑ فروش باراتیوں کے تشدد سے جاں بحق، باراتی کھانا کھاتے رہے

March 22, 2022

پنجاب کے ضلع قصور کے شہر پتوکی میں باراتیوں کے تشدد سے پاپڑ فروش دم توڑ گیا، انسانیت سوز واقعے میں لاش کے سامنے پڑے ہونے کے باوجود باراتی کھانا کھاتے رہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شادی ہال کے مینجر کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔50 سالہ پاپڑ فروش کی موت کے افسوسناک واقعے کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لیا اور ڈی پی او قصور کو واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

کہا جارہا ہے کہ پتوکی میں ایک شادی ہال کے باہر پاپڑ فروش شخص پر جیب تراشی کا الزام لگایا گیا۔

باراتیوں نے موت کے منہ میں جانے والے محنت کش پر الزام لگایا اور اسے مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر اس انسانیت سوز واقعے کی ویڈیو وائرل ہے، جس میں کہا جارہا ہے کہ محنت کش کی لاش ہال میں پڑے ہونے کے باوجود وہاں موجود باراتی کھانا کھانے میں مصروف رہے۔