پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے سے حکومت پر 20 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا

March 31, 2022

حکومت کی جانب سے آئندہ 15روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے پر پرائس ڈیفرنشیل کلیم مزید بڑھ جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے سے حکومت پر مزید 20 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت کو یہ رقم یکم سے 15 اپریل تک پرائس ڈیفرنشیل کلیم کی مد میں ادا کرنا ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتیں برقرار رکھنے پر پیٹرول پر پرائس ڈیفرنشیل کلیم فی لیٹر 24.78 روپے بنے گا، اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر پرائس ڈیفرنشیل کلیم 23.42 روپے ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فی لیٹر ڈیزل پر پرائس ڈیفرنشیل کلیم 43 روپے10 پیسے ہوجائے گا، اس وقت ڈیزل پر پرائس ڈیفرنشیل کلیم 34.92روپے ہے۔