میاں صاحب شیروانی سلوالی ہے؟ صحافی کا شہباز شریف سے سوال

March 31, 2022

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا انہوں نے شیروانی سلوالی ہے؟

جس کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شیروانیاں ہم نے پہلے بھی بہت پہنی ہیں، پاکستان عوام کی خدمت کی بات کریں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، قوم کے سامنے متحدہ اپوزیشن کامیاب ہوگئی ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیراعظم دھینگا مشتی، ہنگامہ چاہتے ہیں تو آئین شکنی کے مرتکب ہوں گے، بد زبان آپ کا تکیہ کلام ہے، اس میں جواب نہیں دیں گے۔ متحدہ اپوزیشن کامیاب ہوچکی، عدم اعتماد جیت چکے ہیں۔

شہباز شریف نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان کی ایک فرنٹ خاتون کرپشن میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے غیر قانونی فنڈز چھپائے، وزیراعظم کی اہلیہ کی بات نہیں کرتا، ایک اور فرنٹ خاتون ہیں، فرنٹ خاتون نے کرپشن کے اربوں روپے باہر بھجوائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی منہ نہ کھلواؤ، فارن فنڈنگ میں بھارتی اور اسرائیلی شامل ہیں۔