• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم کے سامنے متحدہ اپوزیشن کامیاب ہوگئی، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، قوم کے سامنے متحدہ اپوزیشن کامیاب ہوگئی ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں نے قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کی، اس موقع پر شہبار شریف نے کہا کہ اسپیکر نے اتوار تک ووٹنگ کروانی ہے، تقاریر کی خاطر ارکان نے سوالات ترک کردیے، ڈپٹی اسپیکر نے دیکھا ارکان ووٹنگ چاہتے ہیں تو بھاگ گئے۔

 انہوں نے کہا کہ سیکریٹری اسمبلی نے کہا ووٹنگ ہونی تھی، ہم نے بریف کردیا تھا، پوری قوم نے دیکھا 172 ارکان ایوان میں موجود تھے، کیا سلیکٹڈ وزیر اعظم کے پاس اخلاقی، آئینی جواز رہ گیا۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیراعظم دھینگا مشتی، ہنگامہ چاہتے ہیں تو آئین شکنی کے مرتکب ہوں گے، بد زبان آپ کا تکیہ کلام ہے، اس میں جواب نہیں دیں گے۔ متحدہ اپوزیشن کامیاب ہوچکی، عدم اعتماد جیت چکے ہیں۔

شہباز شریف نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان کی ایک فرنٹ خاتون کرپشن میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ  عمران نیازی نے غیر قانونی فنڈز چھپائے، وزیراعظم کی اہلیہ کی بات نہیں کرتا، ایک اور فرنٹ خاتون ہیں، فرنٹ خاتون نے کرپشن کے اربوں روپے باہر بھجوائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی منہ نہ کھلواؤ، فارن فنڈنگ میں بھارتی اور اسرائیلی شامل ہیں۔

قومی خبریں سے مزید