وزیراعظم کے قوم سے خطاب کی خاص بات کیا تھی؟

April 01, 2022

وزیراعظم عمران خان نے ملکی سیاسی صورتحال کے پیشِ نظر گزشتہ روز قوم سے خطاب کیا۔

قوم سے 45 منٹ کے خطاب میں عمران خان کے ’میں، مجھے، میرا‘ کی تکرار دکھائی دی۔

انہوں نے قوم سے خطاب میں143 بار اپنا ہی ذکر کیا، اپنی تقریر میں انہوں نے 88 بار میں، 16 بار مجھے،11 بار میرا اور اپنا نام (عمران خان) 14 بار لیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز قوم سے خطاب میں کہا کہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گے اور آخری بال تک لڑیں گے، ساتھ ہی اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی۔

وزیراعظم کا اصرار تھا کہ یہ غیر ملکی معاونت سے ہونے والی ایک سازش ہے۔ جمعرات کو دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ سازش کی تفصیلات جانتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ سازش ایک با اثر ملک نے تیار کی ہے اور مقامی کھلاڑیوں کی مدد سے اسے عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔

تاہم، انہوں نے تفصیلات میں جانے سے گریز کیا لیکن جب اُن سے اصرار کیا گیا تو وہ مسکرا دیے۔

موجودہ سیاسی صورتحال کے حل کیلئے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں سہولت کیلئے پس منظر میں کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بھی وزیراعظم نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔