• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پوپ کے انتخاب میں شریک پاکستانی کارڈینل کون ہیں؟

سینئر کارڈینل جوزف کاؤٹس — فائل فوٹو
سینئر کارڈینل جوزف کاؤٹس — فائل فوٹو

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد نئے پوپ کے انتخاب کےلیے، سینئر کارڈینلز کا کونکلیو سسٹین چیپل میں 7 مئی سے شروع ہوگا۔

دنیا بھر میں اس وقت 252 کارڈینلز ہیں جو عام طور پر بشپ بھی ہوتے ہیں۔ تاہم کونکلیو میں شریک ہونے کےلیے ضروری ہے کہ سینئر کارڈینل کی عمر انتخاب کے وقت 80 سال سے کم ہو، اس وقت دنیا بھر میں 135 ایسے کارڈینلز ہیں جن کی عمر 80 برس سے کم ہے لیکن 2 کارڈینلز میں سے 1 نے طبی بنیاد اور 1 کے پوپ فرانس کی وصیت کے مطابق اپنا نام نئے پوپ کے انتخابی عمل سے واپس لے لیا ہے۔

اس طرح رواں سال ہونے والے نئے پوپ کے انتخاب کےلیے دنیا بھر سے 80 سال سے کم عمر 133 سینئر کارڈینلز کونکلیو میں شامل ہو رہے ہیں جن میں سے ایک پاکستانی سینئر کارڈینل جوزف کاؤٹس بھی ہیں۔

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سینئر کارڈینل جوزف کاؤٹس

پاکستان میں عیسائی برادری کے اہم روحانی پیشوا سینئر کارڈینل جوزف کاؤٹس کا تعلق کراچی سے ہے جو کارڈینل کے منصب پر فائز ہونے سے پہلے آرچ بشپ آف کراچی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں پوپ فرانس نے 2018 میں کارڈینل مقرر کیا تھا۔

کارڈینل جوزف کاؤٹس اپنے بین المذاہب مکالمے کےلیے پہچان رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی امن اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں صرف کی، انسانیت کےلیے ان کی خدمات کے اعتراف میں رواں سال انہیں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

دنیا بھر سے کونکلیو میں شرکت کرنے والے کارڈینلز میں سینئر کارڈینل جوزف کاؤٹس پہلے پاکستانی ہیں جو پوپ کے انتخاب کےلیے امیدوار ہیں۔

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

کونکلیو کیا ہے؟

کسی موجودہ پوپ کی موت یا اس کے مستعفی ہونے کے بعد نئے پوپ کے انتخابی عمل کو کونکلیو کہا جاتا ہے۔ یہ انتخابی عمل صدیوں سے انتہائی خفیہ طریقے سے سرانجام دیا جاتا ہے۔

پوپ کا انتخاب سینیئر پاردری کرتے ہیں جنہیں کارڈینلز کہا جاتا ہے جبکہ  مستعفی ہونے والے پوپ یا وفات پاجانے والے پوپ کارڈینلز کو پہلے ہی مقرر کر چکے ہوتے ہیں۔

7 مئی کو ہونے والے کونکلیو کے دورانیے کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں لیکن ماضی میں 2005 اور 2013 میں نئے پوپ کا انتخابی عمل 2 دن میں ہی مکمل ہوگیا تھا۔

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

نئے پوپ کا انتخاب کیسے کیا جائے گا؟

نئے پوپ کے انتخاب کے اختتام تک سسٹین چیپل مکمل طور پر بند رہے گا۔ انتخابی عمل کے دوران کارڈینلز کو باہر کی دنیا سے رابطہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پوپ کے انتخاب کےلیے کونکلیو میں موجود کارڈینلز کی دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔ سسٹین چیپل کی چمنی سے خارج ہونے والا سفید دھواں، پوپ منتخب ہونے کا اعلان سمجھا جائے گا۔

خاص رپورٹ سے مزید