بلاول بھٹو اور نواز شریف کا سیاسی معاملات میں اتفاق رائے کے ساتھ چلنے کا عزم

April 21, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف سے لندن میں ملاقات ہوئی ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی معاملات میں اتفاق رائے کے ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری اورنواز شریف کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن کے اسٹین ہوپ ہاؤس میں واقع دفتر میں آمد ہوئی۔

پی پی چیئرمین نے نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی اور وزیراعظم و پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں کامیابی پر نواز شریف کو مبارک باد دی۔

پی پی اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے نتیجے میں سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کی مبارک باد دی۔

اس سے قبل بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر ہم نے پاکستان میں جمہوریت کو بحالی کی طرف لیجانا ہے، عمران خان کے خلاف بیرونی سازش نہیں یہ جمہوری سازش تھی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف وائٹ ہاؤس کی نہیں بلاول ہاؤس کی سازش تھی، عمران خان کا بیانیہ ہے کہ مجھے کیوں نہیں بچایا۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عمران خان مسلم لیگ ن کے بنانیہ پر تنقید کرتے تھے، پاکستان کے تمام ادارے آئین و قانون کے دائرہ میں رہ کر کام کریں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں میاں صاحب کی قربانی سب کے سامنے ہے، چیلنجز کا مقابلہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی شانہ بشانہ کھڑے ہو کر کرسکتی ہیں۔