مشی خان اور ریحام خان کی طنز و تکرار میں منیب بٹ کی انٹری

April 22, 2022

فوٹو، فائل

عمران خان کی سابقہ اہلیہ، پروڈیوسر ریحام خان اور اداکارہ مشی خان کے درمیان جاری طنز و تکرار میں اب اداکار منیب بٹ نے بھی اپنی انٹری دے دی ہے۔

اداکار منیب بٹ نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ریحام خان اور مشی خان کے معاملے میں مشی خان کی حمایت کی ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ریحام خان کے پرانے ٹوئٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ’آپ نے فلم جانان کی کسی سرمایہ کاری یا منافع کو ہاتھ نہیں لگایا لیکن پھر بھی آپ نے کہا کہ مشی کو آپ نے اپنی فلم میں پھپھو کے کردار میں کاسٹ کیا تھا‘۔

اُنہوں نےایک مشہور کہاوت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ’چور چوری سے جائے ہیرا پھیری سے نہ جائے!‘

منیب بٹ نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ وہ ایک سیریل’ناگن‘ بنانے کا ارادہ کر رہے ہیں جس کے مرکزی کردار کے لیے ریحام خان کو کاسٹ کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل میزبان و اداکارہ مشی خان نے ریحام خان کو اداکاروں کے عمران خان کی حمایت کرنے پر تنقید کرنے پر کرارا جواب دیا تھا۔

مشی خان کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے ابھی ریحام خان صاحبہ کا ایک ٹوئٹ پڑھا جس میں یہ لکھا ہے کہ یہ ممّی ڈیڈی اداکار جو عمران خان کی حکومت جانے پر جو احتجاج کررہے ہیں یہی احتجاج اگر کشمیر کے عوام کے لیے کرلیتے تو کیا ہی بات تھی۔

پھر اُنہوں نےریحام خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ’توکشمیر کے لیے احتجاج آپ کرلیتی ناں، آپ کس بات کا انتظار کررہی ہیں، اب آپ نے سر پر دوپٹہ لے لیا ہے تو آپ کو کشمیر یاد آگیا ہے، ہمیں شکر الحمداللہ کشمیر یاد ہے اور ہم اس کے لیے آواز بھی اُٹھاتے ہیں‘۔

مشی خان کی اس بھرپور تنقید کے جواب میں ریحام خان نے لکھا کہ ’یہ وہی ہے ناں عمران خان کی دوست جسے میں نے اپنی فلم ’جانان‘ میں پھپھو کا کردار دیا تھا؟‘

جس کے بعد مشی خان نے اُنہیں ایک بار پھر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’جی بالکل، میں نے فلم جانان میں پھپھو کا کردار ادا کیا تھاجوکہ لوگوں نے بہت پسند کیا اور وہ میرا کام ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’اگر آپ نے مجھے اس وقت کاسٹ کیا جب آپ تھیں پروڈیوسر، عمران خان صاحب سے آپ کی شادی ہوئی تھی فلم کے فرسٹ اسپیل کے دوران اور 6 ماہ بعد آپ کی علیحدگی ہوگئی، ابھی آپ جاکر دیکھیں کہیں بھی آپ کا نام نہیں ہے‘۔

اُنہوں نے ریحام خان کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ’ اور دوسری چیز یہ کہ آپ مجھے کہہ رہی ہیں کہ عمران خان صاحب کی دوست ہوں تو میں بالکل بھی عمران خان کی دوست نہیں ہوں بلکہ میں ان کی پرستار ہوں اور اب سے نہیں، کرکٹ کے زمانے سے ہوں‘۔

اُنہوں نے طنزیہ انداز میں مزیدکہا کہ’اگر میں عمران خان صاحب کی دوست ہوتی تو پھر میںبنی گالہ میں ہوتی اور آپ لندن میں ہوتیں‘۔